Friday, 13 June 2025

کبھی گرداب اور طوفان دیتے ہیں سہارے بھی

 کبھی گرداب اور طوفان دیتے ہیں سہارے بھی

کبھی کشتی ڈبوتے ہیں دریا میں کنارے بھی

سنورتی ہے جہاں تیری وفا تیری خوشی ہمدم

بھڑکتے ہیں اسی دل میں تِرے غم کے شرارے بھی

زمانہ ہم سے پوچھے قدر اور قیمت اُجالوں کی

کیے ہیں ہم نے صدیوں تک اندھیروں میں گزارے بھی

ہیں تیرے شہر کے منظر یقیناً دید کے قابل

مگر کچھ کم نہیں ہیں میرے گاؤں کے نظارے بھی

اُتر جاتا ہے مجھ کو دیکھ کر چڑھتا ہوا دریا

میری آواز سُنتے ہی ٹھہر جاتے ہیں تارے بھی

جمیلِ خستہ جاں کب تک کسی کی راہ دیکھو گے

سحر ہونے کو ہے اب جھلملاتے ہیں ستارے بھی


جمیل نظام آبادی

No comments:

Post a Comment