Thursday, 12 June 2025

کسی نے جب طرفداری نہیں کی

 کسی نے جب طرفداری نہیں کی

مِرے سائے نے بھی یاری نہیں کی

سفر میں سامنا خطروں سے ہو گا

نہ پھر کہنا کہ تیاری نہیں کی

مقابل آئینہ رکھا ہمیشہ

کسی سلطاں کی درباری نہیں کی

ہزاروں بار آپس میں لڑے ہم

وطن کے ساتھ غداری نہیں کی

خبر یہ تھی کہ سب جائز ہے لیکن

کوئی حرکت بھی بازاری نہیں کی

زمانے سے ہمیں کیوں ہو شکایت

نثار اس نے ہی جب یاری نہیں کی


نثار راہی

No comments:

Post a Comment