Saturday, 7 June 2025

چھپے ہیں آپ کی عظمت کے اشتہار بہت

 چھپے ہیں آپ کی عظمت کے اشتہار بہت

پھنسیں گے جال میں میری طرح شکار بہت

خبر ہے ان دنوں بازار بھاؤ اچھا ہے

اٹھان پر ہے ضمیروں کا کاروبار بہت

یہ زندگی ہے یہاں ملنا اور بچھڑنا کیا

ملیں گے ہم کو بھی دلبر تمہیں بھی یار بہت

تھا محو خواب اندھیروں کی گود میں کب سے

جگا کے مجھ کو اجالے ہیں شرمسار بہت

گناہ کہتے تھے تم ہی تو خون ناحق کو

تمہارے قول پہ ہم کو تھا اعتبار بہت

ہمیں کسی کی حکومت سے کیا غرض فاروق

یہ شہر دل ہے یہاں اپنا اقتدار بہت


فاروق ارگلی

کنور محمد فاروق خاں

No comments:

Post a Comment