نشاط و غم سے زمانے کے ہے جو بیگانہ
مِری نگاہ میں ہشیار ہے وہ دیوانہ
یہ کس نے دیکھ لیا مدھ بھری نگاہوں سے
چھلک پڑا ہے تمنا کا میری پیمانہ
نگاہِ شوق سے الفت کی پوچھ کیفیت
زباں سنا نہیں سکتی ہے دل کا افسانہ
وہ کیفِ تشنہ لبی ہے کہ لاکھ بار نثار
تمام بادہ و ساغر، تمام مے خانہ
اب اس مقام پہ پہنچی ہے اپنی رسوائی
کہ ہے وہ شوخ نگہ بھی شریکِ افسانہ
کرم کیا یہ نگاہِ کرم نے آشفتہ
کہ اپنے حال سے ہم ہو گئے ہیں بیگانہ
آشفتہ شاہجہانپوری
محمد عبدالحئ خاں
No comments:
Post a Comment