Sunday, 17 May 2026

جب تلک وہ نظر نہیں آتا

 جب تلک وہ نظر نہیں آتا

درد دل کا ابھر نہیں آتا

جس کے حصہ میں ہوں سفرنامے

اس کے حصہ میں گھر نہیں آتا

یہ محبت کی ایک خوبی ہے

عیب کوئی نظر نہیں آتا

جس دعا میں ملی ہو خود غرضی

اس دعا کا اثر نہیں آتا

ہاں اسے بھی ہے وصل کی چاہت

چاہتا ہے مگر نہیں آتا

کیوں کرے وقت انتظار اس کا

جو کبھی وقت پر نہیں آتا

کتنا دشوار ہے سفر میرا

جس میں کوئی شجر نہیں آتا

دوستی بھی ہو اور رنجش بھی

مجھ کو ایسا ہنر نہیں آتا

وہ مِری نظم میں اتر آئے

یاد وہ اس قدر نہیں آتا

کوئی بھی دل سے جب اتر جائے

وہ کبھی لوٹ کر نہیں آتا


سپنا مولچندانی

No comments:

Post a Comment