Tuesday, 3 January 2017

مقسوم دل کروں خلش نشتر کو میں

مقسومِ دل کروں خلشِ نشتر کو میں
اب کے تِری نظر سے لڑا دوں نظر کو میں
میرا مذاقِ عشق زمانے پہ کھل گیا
اب کیا کہوں چھپا نہ سکا چشمِ تر کو میں
خموشئ جمود میں پھونکوں گا صورِ حشر
تیری خبر سنا کے دلِ بے خبر کو میں
یا آرزو نے عمرِ محبت سنوار دی
یا دستِ آرزو سے گیا عمر بھر کو میں
کتنی گداز بخش ہے صبحِ تجلیات
پاتا ہوں ہر نفس میں نسیمِ سحر کو میں
گر یہ نشاطِ چشم ہے اے بے خودی مگر
کس دھوپ میں سکھاؤں گا دامانِ تر کو میں
ساغؔر یہ ہے شباب میں معیارِ مے کشی
آنکھوں سے کھنچتا ہوں شرابِ نظر کو میں

ساغر نظامی

No comments:

Post a Comment