Monday 31 May 2021

رہی آس دل میں پلتی کہ وصال یار ہو گا

 رہی آس دل میں پلتی کہ وصالِ یار ہو گا

یہ خبر نہ تھی مجھے کہ یونہی انتظار ہو گا

تھا ازل سے مجھ کو تم پہ ترے پیار پہ بھروسہ

میری سانسیں جب تلک ہیں یونہی اعتبار ہو گا

یہ جو خون بیچتا ہے کہ سکوں خریدنا ہے

کبھی اس غریب کا بھی کوئی روزگار ہو گا

ارے چھوڑ ناں اُداسی چلو رزق ڈھونڈتے ہیں

جہاں کوئی بھی نہ ہو گا، پروردگار ہو گا

غمِ عاشقی نے ڈالا تھا مجھے سخن کی راہ پہ

یہ گُماں تھا کب کہ چھلنی دلِ داغدار ہو گا

وہ جو بے رُخی سے اپنی ذرا اجتناب کر لے

نہ تڑپ کے میں مروں گا نہ وہ سوگوار ہو گا

ابھی منتظر ہوں اِک دن وہ گلے سے آ لگے گا

میری چُپ سے وہ بھی کاشف بڑا بیقرار ہو گا


کاشف رانا

No comments:

Post a Comment