Wednesday, 7 July 2021

کوووڈ-۱۹پہلی بار یقین ہوا کہ دنیا گلوبل ولیج ہے

 کوووڈ-۱۹ 

Do not touch


پہلی بار یقین ہوا کہ دنیا گلوبل ولیج ہے

پانچ کی پانچ حِسوں پر ایک ساتھ حملہ ہوا ہے

نیو ورلڈ آرڈر کے تحت 

سوچنے اور سمجھنے کے علاوہ

چُھونے، چکھنے اور سونگھنے پر بھی پابندی ہے

محبتوں میں لمس کا تصور متروک ہو گیا ہے

نہیں، نہیں، کوئی بڑی بات نہیں ہے

صرف سانس لینا سب کے لیے مشکل ہے

ہاں، ہاں، چل تو سکتے ہیں

لیکن، ہمارے حصے میں آنے والی زمین اب واقعی دو گز ہے

سروس کارڈ

پراپرٹی کے پیپر

اور گاڑی کی چابی دیکھی ہے کسی نے؟

سائنس نے بڑی ترقی کر لی ہے

واقعی؟

کمرے کی کھڑکی سے نظر آنے والا بالشت بھر آسمان

ہماری کُل کائنات ہے

یہ بائیو میٹرک سسٹم ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی پر ہنس کیوں رہا ہے؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ اب برہمن بھی اچُھوت ہو گئے ہیں

اسٹاک ایکسینچ کی کیا پوزیشن ہے؟

ہاں ریٹ بڑی تیزی سے اوپر جا رہا ہے

شیئرز کا؟

نہیں ڈیتھ کا

نیچر نے سسٹم کو عجیب طرح بیلنس کیا ہے

ساری کارآمد چیزوں سے ہمیں خطرہ ہے

اب اپنے ہاتھوں کو ہی دیکھ لو


انجیل صحیفہ

No comments:

Post a Comment