Thursday, 26 August 2021

ترا لہجہ تری پہچان مبارک ہو تجھے

 تِرا لہجہ، تِری پہچان مبارک ہو تجھے

تِری وحشت تِرا ہیجان مبارک ہو تجھے

میں محبت کا پجاری ہوں، سو میں جاتا ہوں

یعنی، نفرت کا یہ سامان مبارک ہو تجھے

آنکھ میں طنز و رعونت کی چمک باقی رہے

لب پہ یہ تلخ سی مُسکان مبارک ہو تجھے

میں دعا کرتا ہوں تُو شہرِ چراغاں میں رہے

تِرا ہر خواب گلستان مبارک ہو تجھے

تُو حکومت کا ہے شوقین، تِرا بنتا ہے

بے بسی شہر کی سلطان مبارک ہو تجھے

میں تو مر کر بھی مِری جان بچا لوں گا اسے

تجھ میں مرتا ہوا انسان مبارک ہو تجھے

جا رہا ہوں میں تِرے شہر سے یادیں لے کر

مِرے دلبر! تِرا ملتان مبارک ہو تجھے

یہ بچھڑنا ہی اگر حل ہے تو رنجش کیسی

جاؤ نا جاؤ مِری جان! مبارک ہو تجھے


شاہد فیروز

No comments:

Post a Comment