Tuesday, 17 August 2021

کتنی مشکل یہ زندگی کر لی

 کتنی مشکل یہ زندگی کر لی

ہم نے وحشت سے دوستی کر لی

ماہ و انجم سے اب نہیں نسبت

جلتے سورج سے عاشقی کر لی

تم نے بستی کو کربلا سمجھا

ہم نے دنیا ہی ماتمی کر لی

دیکھ کر اس چمن کی ویرانی

چشمِ حیرت بھی شبنمی کر لی

ظلمتِ شب نے طول کھینچا تو

اک دِیے سے ہی روشنی کر لی

میں نے صرف آئینہ دکھایا تھا

اور لوگوں نے دشمنی کر لی

ان سے شکوہ سعید کیا کرتے

دل جو ٹُوٹا تو شاعری کر لی

 

معظم سعید

No comments:

Post a Comment