جھٹک زنجیرِ زر، سونے کے زندانوں سے آ جا
تجھے اُلفت کی چھت دوں گا، تُو ایوانوں سے آ جا
مِری شیریں! تُو مجھ سے مل، میں ہُوں تکمیل تیری
نکل کر تُو وفا کے خام افسانوں سے آ جا
یقیں آنے کا ہو اور آئے تُو تو لُطف کیسا
تُو آ جانے کے ان موہوم اِمکانوں سے آ جا
ترا اس راکھ سے ہرگز نہیں جلنے کا دامن
گلے مل لے ہم ایسے سوختہ جانوں سے، آ جا
سرابوں کو ہی چکھنا ہے مِری آنکھوں کی قسمت
مجھے لے چل ہوائے دشت! ویرانوں سے آ جا
بہزاد برہم
No comments:
Post a Comment