Wednesday, 1 September 2021

وہ مجھے معتبر نہ دیکھ سکا

 وہ مجھے معتبر نہ دیکھ سکا

اور پھر عمر بھر نہ دیکھ سکا

اس کو منزل تو دِکھ گئی فوراً

پر وہ دور سفر نہ دیکھ سکا

کیا بتاؤں ستم ظریف کا حال

وہ مجھے اک نظر نہ دیکھ سکا

تجھ کو کیسے دکھائی دیتا میں

تُو مجھے اس قدر نہ دیکھ سکا

وہ مجھے بار بار اُڑاتا رہا

اور مِرے خستہ پر نہ دیکھ سکا

میرے مالک نے بھر دیا کاسہ

وہ مجھے در بدر نہ دیکھ سکا

سب کے سب دیکھتے رہے تصویر

کوئی دیوار پر نہ دیکھ سکا

تُو بھی دیکھ آ کے حالت احمد

اور اقرار کر نہ دیکھ سکا


احمد طارق

No comments:

Post a Comment