Friday, 29 October 2021

یہ بات ذہن میں رکھ روشنی میں آتے ہوئے

 یہ بات ذہن میں رکھ روشنی میں آتے ہوئے

ہزار راتیں لگیں ہم کو دن بناتے ہوئے

پہنچ رہا تھا مِرے وہم سے بھی آگے کوئی

سو شرم آنے لگی اس کو آزماتے ہوئے

اسے خبر تھی کہ منزل بہت قریب ہے اب

وہ رو پڑا تھا مجھے نیند سے جگاتے ہوئے

نہ جانے کتنی امیدوں کا پاس رکھنا تھا

یہ بھول بیٹھے تھے اس کو گلے لگاتے ہوئے

پھر ایک شام وہ منظر سے ہو گیا غائب

لگی تھی عمر جسے داستاں میں لاتے ہوئے


صداقت نیازی

No comments:

Post a Comment