Friday 25 March 2022

بکھرا پڑا ہوا کہیں رسوائیوں میں تھا

 بکھرا پڑا ہوا کہیں رسوائیوں میں تھا

لمحہ جو ایک وقت کی رعنائیوں میں تھا

اک مرمریں سے ہاتھ نے کھولے مِرے بٹن

پھر میں کسی کے لمس کی گہرائیوں میں تھا

وہ تھا گئے دنوں کی اذیت میں مبتلا

میں بھی کسی قیاس کی پرچھائیوں میں تھا

بتلا رہا ہے مجھ کو نئی دھوپ کا مزاج

سورج بھی ایک پور کی رعنائیوں میں تھا

امکان کے دریچے پہ آواز دھر گیا

وہ جو حصارِ وقت کی پروائیوں میں تھا

بہنے لگا وجود میں میرے لہو کے ساتھ

ایسا سرور و کیف بھی انگڑائیوں میں تھا

دیپک جلا تو رات بھی جلنے لگی سہیل

کل رات تیری یاد کی شہنائیوں میں تھا


سہیل رائے

No comments:

Post a Comment