Friday 25 March 2022

محبت آخری رشتہ ہے محبت آخری جذبہ

 محبت آخری رشتہ ہے


محبت آخری جذبہ

جو ہم میں اور تم میں ہے

کسی بھی قید سے ہٹ کر

حدودِ وقت سے آگے

نہ اس کو نام سے مطلب

نہ اس کو لمس کی خواہش

نہ رنگ و بو کے پیرائے میں لَو دیتا

نہ رہ ہموار کرتا داستانوں کی

حکایت خیز راتوں سے گزرتا خواب ہوتا

آخری جذبہ

کسی وعدے کی سانسیں لے رہا ہے

اک یقیں کے ساتھ رہتا ہے

وہ وعدہ جس کا اب نام و نشاں تک مٹ چکا ہو گا

یقیں جو روزِ اول سے یونہی اندھا ہے

بے حس ہے

محبت آخری رشتہ

جو ہم میں اور تم میں ہے

کسی شامِ نگارستان کے پھیکے تبسم سا

چھچھلتی بارشوں کے فرض کردہ جلترنگ ایسا

کسی الجھن سے پیوستہ

زمانی ضابطوں میں گھاؤ گنتا زخم سہلاتا

کسی رنجش کی بے گل شاخ سے 

الجھی ہوئی دھجی کی صورت 

تند صحرائی ہواؤں کی اماں میں شوکتا

بنتا بگڑتا ٹوٹتا ڈھلتا

محبت آخری جذبہ جو ہم میں اور تم میں ہے


خمار میرزادہ

No comments:

Post a Comment