Wednesday, 23 March 2022

یقیں کی فصل کو جب کاٹنے اوہام لگ جائیں

 یقیں کی فصل کو جب کاٹنے اوہام لگ جائیں 

ضروری ہے مچانے حسرتیں کہرام لگ جائیں 

کہا؛ ماں باپ کو بھیجوں، تو بولے؛ کچھ برس ٹھہرو 

بھلا کچھ دن کی چاہت میں تمہارے نام لگ جائیں

دلِ حسرت زدہ بک جائے، وہ بازار بتلاؤ

جہاں دیمک لگی لکڑی کے اچھے دام لگ جائیں

کہاں پھر تشنگی بجھتی ہے دنیا کے مناظر سے 

نظر کے منہ کو روئے یار کے جب جام لگ جائیں

دریچہ بند رہتا ہے مگر پھر بھی گزرتا ہوں 

نجانے بخت کو تارے مِرے کس شام لگ جائیں 

تمہارے شہر میں کھولوں گا اک مکتب محبت کا 

وہاں کے طفل بھی کرنے مجھ ایسے کام لگ جائیں 


قمر آسی

No comments:

Post a Comment