مجھے ایک دن چاہیے
مجھے ایک دن چاہیے
قبروں پر نئے کتبے لگانے کے لیے
گورکن سے اپنی قبر کے بارے بات کرنے کے لیے
پھول جمع کرنے کے لیے
اور محاذ پر بچنے والے اکیلے سپاہی کو پانی پلانے کے لیے
مجھے ایک دن چاہیے
مجھے ایک دن چاہیے
تمہارے دنوں کا حال دریافت کرنے کے لیے
یہ پوچھنے کے لیے کہ تمہاری عمر کتنی ہے
یہ جاننے کے لیے کہ
تمہارے شہر کی طرف آخری گاڑی کون سی جاتی ہے
کس دن بارش برستی ہے
اور جاننے کے لیے کہ
میں کتنی دیر تک تم سے مسلسل بات کر سکتا ہوں
مجھے ایک دن چاہیے
ایک مکمل دن
تمہارا نام پکارنے کے لیے
تمہارے نام خط بھیجنے کے لیے
ایک مکمل دن
وہ تمام کتابیں رد کرنے کے لیے
جو تمہارے ہاتھ کی حدت سے محروم رہ گئیں
ایک مکمل دن
وہ تمام آوازیں سننے کے لیے جو میرا نام پکارتی تھیں
ننگے پاؤں چلنے کے لیے
رقص کرنے کے لیے
فون کرنے کے لیے ان نمبرز پر جو بند ہو چکے ہیں
تنویر حسین
No comments:
Post a Comment