Thursday, 14 July 2022

جاگ کر خواب سے بستر کی طرف دیکھا تھا

 جاگ کر خواب سے بستر کی طرف دیکھا تھا

اور پھر چرخِ ستمگر کی طرف دیکھا تھا

تُو نے دیکھا تھا وہ پل، چشمِ خزاں نے جس وقت

آخری بار گلِ تر کی طرف دیکھا تھا

پھر کنارے پہ پہنچنے میں مجھے عمر لگی

میں نے اک بار سمندر کی طرف دیکھا تھا

آخرش ہجر کیا میرے حوالے اس نے

بارہا میں نے مقدر کی طرف دیکھا تھا

یاد ہے مجھ کو وہاں پھوٹ پڑا تھا چشمہ

تُو نے کس دھیان میں پتھر کی طرف دیکھا تھا

میں نے اظہارِ تشکر سے جھکا لیں نظریں

دار نے آج میرے سر کی طرف دیکھا تھا

عشق اس بات پہ ناراض ہے اب تک اشفاق

میں نے کیوں جاتے ہوئے گھر کی طرف دیکھا تھا


اشفاق ناصر

No comments:

Post a Comment