Friday, 1 July 2022

درود پڑھتے ہوئے دل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


درود پڑھتے ہوئے دل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

حضورؐ دیکھیے اس سل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

ازل سے آپﷺ کی محفل سجائی جاتی ہے

ازل سے آپؐ کی محفل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

بعید کیا کہ مِری خاک بھی دمک اٹھے

کہ اس چراغ کی جھلمل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

فقط یہ آنکھ نہیں ان کی دید کو بے تاب

وفورِ جذب سے مشکل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

ہوائے شہرِ محبت اڑا کے لے جائے

سراغ دیتی ہوئی گِل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

ملا نہ اذن مدینے میں حاضری کا اگر

کروں گا کیا کہ وسائل کے ساتھ میں بھی تو ہوں

قبولیت کی گھڑی کا ہے انتظار آزر

دعا کی آخری منزل کے ساتھ میں بھی تو ہوں


دلاور علی آزر

No comments:

Post a Comment