Wednesday 17 May 2023

دیو چناروں والے چوک میں سگنل سلگا

D Detergent

دیو چناروں والے چوک میں 

سگنل سلگا

سُرخ ہوا

تو شُست لگا کر بیٹھے وائپر باز نے

کالی گاڑی کو تحویل میں لے کر 

دُھندلی وِنڈ سکرین پہ جھاگ جگاتی دُھندلی بوتل چھڑکی 

اور وائپر کے آڑے تِرچھے وار کئے

شیشہ اُجلا تو اندر کا منظر جاگا

اگلی سیٹوں پر دو پتھر بندھے ہوئے تھے 

خالی آنکھیں جھپک رہے تھے

پچھلی سیٹ پہ ان کے دو بچے بیٹھے تھے

جن کی آنکھوں کے نِیلم پگھلے جاتے تھے

نیلے آنسو رُخساروں کو تر کرتے تھے

لیکن یہ کیا؟

شیشہ پھر سے دُھندلایا ہے

اس نے پھر بوتل چھڑکی اور وائپر رگڑا

شیشہ پھر سے دُھندلایا ہے

اُجلا، دُھندلا، بوتل، وائپر 

وائپر، بوتل، دُھندلا، اُجلا

آخر شیشہ صاف ہُوا تو منظر بدلا

اگلی سیٹوں پر زندہ چہرے بیٹھے تھے 

پچھلی سیٹ کی آنکھوں میں نیلم ٹھہرے تھے 

اور ان میں مُسکان بھری تھی

یکدم سگنل گدرایا

اور سبز ہوا

اک جَوتی جلتی جاتی تھی

کار چنار کے سرخ اور پیلے پتوں پر چلتی جاتی تھی


وحید احمد

No comments:

Post a Comment