Thursday 18 May 2023

ٹکڑے ہو ہو کے سر دشت بکھرنے کے لیے

 عارفانہ کلام حمد نعت مقبت


ٹکڑے ہو ہو کے سرِ دشت بکھرنے کے لیے

ہم تو آئے ہیں یہاں آپ پہ مرنے کے لیے

لیجیۓ ہم سُمِ اسپاں سے کچل جاتے ہیں

آپ زحمت نہ کریں دفن بھی کرنے کے لیے

کھینچ لائی ہے یہاں، غازۂ خونیں کی کشش

آ گئے ہم بھی یہاں بننے سنورنے کے لیے

اس جلالیؑ کو اے مشکیزۂ بے آب سنبھال

نہر کو خشک نہ کر دے تجھے بھرنے کے لیے

آسماں آیا تھا پھیلائے ہوئے دامنِ عرش

سر ہی راضی نہ تھا نیزے سے اترنے کے لیے

یہ کھلے بال، یہ بازار، یہ لوگوں کا ہجوم

اک خدا چاہیے اس رہ سے گزرنے کے لیے

زخم گہرا جو مِری پُشت پہ زنجیر سے ہے

زخم اک اور لگا لوں اسے بھرنے کے لیے

خنکیِٔ اشکِ عزا،۔ حدتِ جوشِ ماتم

اور کیا چاہیے مٹی کو نکھرنے کے لیے


عارف امام

No comments:

Post a Comment