Tuesday, 23 May 2023

گلوں کو شعلہ مزاجی سکھائی جاتی ہے

 گلوں کو شعلہ مزاجی سکھائی جاتی ہے

چمن کی آگ چمن میں لگائی جاتی ہے

جنونِ فرقہ پرستی ارے معاذ اللہ

ہر اک قدم پہ قیامت اٹھائی جاتی ہے

وہ آگ جس نے مِرے گلستاں کو پھونک دیا

نگاہ شیخ و برہمن میں پائی جاتی ہے

ہمیں پہ ختم نہیں کفر عشق اے ناصح

بتوں کے ساتھ خدا کی خدائی جاتی ہے

نہیں یہ غم کہ رسا نالۂ حزیں نہ ہوئے

فلک پہ آج مِری نارسائی جاتی ہے

اب ان کے قول و قسم پر نہیں ہے دل کو یقیں

ستم گروں سے کہیں بے وفائی جاتی ہے

ان آنسوؤں کو نہ کر رائیگاں ارے ناداں

کہیں یہ دولت غم یوں لٹائی جاتی ہے

مفر ٭شماتت ہمسایہ سے جمال نہیں

یہ برق گرتی نہیں ہے، گرائی جاتی ہے


مسعود اختر جمال

٭شماتت: کسی کے نقصان پر اظہار خوشی، استہزا کرنا یا ہنسنا، خندہ زنی کرنا، لفظی چوٹ کرنا

No comments:

Post a Comment