Monday 22 May 2023

کتابیں ساتھ دیتی ہیں کتابیں روشنی ہیں

 کتابیں ساتھ دیتی ہیں (عالمی یوم کتاب کے حوالے سے)


کتابیں ساتھ دیتی ہیں

کتابیں روشنی ہیں، دوست ہیں اور رہنما بھی ہیں

کسی منزل پہ جانا ہو

کسی رستے پہ چلنا ہو

کتابیں مشعلیں بن کر

اندھیرے راستوں کو جگمگاتی ہیں

کتابیں ہاتھ تھامے منزلوں تک لے کے جاتی ہیں

کتابوں میں دفینے ہیں، جواہر ہیں، خزانے ہیں

دفینے علم و حکمت کے، جواہر عشق و مستی کے

خزانے شاعری کے اور ہر اس حسن و خوبی کے

جنہیں اپنا کے ملتی ہے کچھ ایسی سروری جس سے

خدا انسان کی تخلیق پہ خود ناز کرتا ہے

کتابیں جس بھی صورت میں ملیں

تہذیب کا اک خوبصورت استعارہ ہیں

نشانِ منزلِ مقصود ہیں اپنی

سو تم دیکھو اگر کچھ قافلے ایسے

جو اپنی منزلوں سے دور بھٹکے پھر رہے ہوں

اور ایسے راستوں پہ گامزن ہوں

جو فقط تاریکیوں کی سمت جاتے ہیں

تو ان کا ہاتھ تھامو اور

ان کا رخ کتابوں کی طرف موڑو

کتابیں ان کو ان کی منزل مقصود تک پہنچا کے آئیں گی

قیامت تک رفیقِ خاص بن کر دوستی کا مان رکھیں گی

کتابیں ساتھ دیتی ہیں


حسین ثاقب

No comments:

Post a Comment