ملتے نہیں دلوں کے مکیں دُور دُور تک
کیا ایک ذی نفس بھی نہیں دور دور تک
ہم دل زدوں کی پیارے عجب کائنات ہے
کوئی نہیں ہے چیں بہ چیں دور دور تک
عرفانِ ذات ہے کہ یہ آشوبِ ذات ہے
اپنا پتہ نہیں ہے کہیں دور دور تک
سینے کی آگ بُجھتی نہیں اتنی جلد تو
جبکہ ہوں مہربان حسیں دور دور تک
لیکن ہجومِ رمز شناساں کے درمیاں
ٹک ٹک کرے ہے قلبِ حزیں دور دور تک
ہر گھر میں ہے بہار کی آمد کا غلغلہ
بنجر پڑی ہوئی ہے زمیں دور دور تک
شاداب! صرف فہم و نظر کا سوال ہے
روشن ہے شمعِ علم و یقیں دور دور تک
شاداب احسانی
No comments:
Post a Comment