عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
بہ خطِ نور اس در پر لکھا ہے
یہ بابِ رحمتِ ربِّ عُلا ہے
سر خیرہ جو اس در پر جُھکا ہے
ادا ہے عمر بھر کی جو قضا ہے
مقابل در کے یوں کعبہ بنا ہے
یہ قبلہ ہے تو تُو قبلہ نما ہے
یہاں سے کب کوئی خالی پھرا ہے
سخی داتا کی یہ دولت سرا ہے
جسے جو کچھ ملا جس سے ملا ہے
حقیقت میں وہ اس در کی عطا ہے
یہاں سے بھیک پاتے ہیں سلاطیں
اسی در سے انہیں ٹکڑا ملا ہے
شبِ معراج سے ظاہر ہوا ہے
رُسل ہیں مُقتدی، تُوؐ مقتدا ہے
خدائی کو خدا نے جو دیا ہے
اسی در سے اسی گھر سے ملا ہے
شہ عرش آستاں اللہ اللہ
تصور سے خدا یاد آ رہا ہے
یہ وہ محبوبِ حق ہے جس کی رویت
یقیں مانو کہ دیدارِ خدا ہے
رمی جس کی رمی ٹھہری خدا کی
کتاب اللہ میں اللہ رمیٰ ہے
ہَوا سے پاک جس کی ذاتِ قدسی
وہ جس کی بات بھی وحیِ خدا ہے
وہ یکتا آئینہ ذاتِ اَحد کا
وہ مرآتِ صفاتِ کبریا ہے
جہاں ہے بے ٹھکانوں کا ٹھکانہ
جہاں شاہ و گدا سب کا ٹھیا ہے
کرم فرمائیے اے سرورِ دیںﷺ
جہاں منگتوں کی یہ پیہم صدا ہے
خزانے اپنے دے کے تم کو حق نے
نہ قاسم ہی کہ مالک کر دیا ہے
جسے جو چاہو جتنا چاہو دو تم
تمہیں مختارِ کُل فرما دیا ہے
نہیں تقسیم میں تفریق کچھ بھی
کہ دشمن بھی یہیں کا کہہ رہا ہے
ضیائے کعبہ سے روشن ہیں آنکھیں
منور قلب کیسا ہو گیا ہے
مے محبوب سے سرشار کر دے
اویسِؒ قرنی کو جیسا کیا ہے
گُما دے اپنی الفت میں کچھ ایسا
نہ پاؤں میں میں میں جو بے بقا ہے
عطا فرما دے ساقی جامِ نوری
لبا لب جو چہیتوں کو دیا ہے
نوری بریلوی
مصطفیٰ رضا
No comments:
Post a Comment