Thursday, 9 November 2023

خدا کی رحمت ہے ان پہ لوگوں مدینہ سج کے جو جا رہے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


خُدا کی رحمت ہے ان پہ لوگوں مدینہ سج کے جو جا رہے ہیں

ہے "مرحبا" کی صدا فلک پر، فرشتے خُوشیاں منا رہے ہیں

فضا ہے دلکش، حسیں نظارے، بتا رہے ہیں جو دیکھ آئے

سکون دل کو وہاں ملے گا، یہ آنے والے بتا رہے ہیں

حسین رہتے ہیں ان کے چہرے، ثواب ملتا ہے ان کو پیہم

سدا جو چہرے پہ اپنے سُنت نبیﷺ کی یارو سجا رہے ہیں

اُتر کے عرشِ بریں سے جس دم زمیں پہ اپنے قدم کو رکھا

زمیں کی ہر شئے یہ کہہ رہی تھی رسولﷺ تشریف لا رہے ہیں

ازل کی خُوشبو ہے جن میں پنہاں ہے نام انؐ کا سبھی لبوں پر

انہیںؐ کے صدقے میں پُھول بُوٹے یہ پیاری خُوشبو لُٹا رہے ہیں

سنا ہے ہم نے یہ عالموں سے کہ جام کوثر پلائیں گے وہﷺ

بروز محشر کہیں فرشتے؛ تمہیں نبیﷺ جی بُلا رہے ہیں

قلم کو جُنبش جو دی خُدا نے نصیب ہم کو ہوئی بصیرت

خُدا کی رحمت نبیﷺ کے صدقے قلم ہم اپنا چلا رہے ہیں

کتاب عظمت کے ہر ورق پر خدا نے جن کا ہے نام لکھا

انہیں کی نعتیں سنا سنا کر ہم اپنی قسمت جگا رہے ہیں

نبی کا چہرہ نبی کی زلفیں نبی کی باتیں نبی کا لہجہ

کلام حق سے جناب کاظم نبی کا قصہ سنا رہے ہیں


کاظم شیرازی

No comments:

Post a Comment