Tuesday, 7 November 2023

اتنی بلندیوں سے زمیں پر گرا دیا

 اتنی بلندیوں سے زمیں پر گِرا دیا

احسان ٹھوکروں کا جو چلنا سِکھا دیا

شاید کسی پڑاؤ میں سانسیں بھی چھوڑ دوں

اس بار زندگی کے سفر نے تھکا دیا

اک شخص کے نصیب پہ افسوس ہے بہت

پتھر سمجھ کے قیمتی ہیرا گنوا دیا

وہ سوچتا تھا رُوٹھ کے نخرے دکھائے گا

اور ہم نے ذہن سے اسے یکسر بُھلا دیا

دیکھی فلک پہ رات ستاروں کی روشنی

اک خوش فہم نے گھر کا دِیا ہی بُجھا دیا

لوگوں نے اس کے دِین پہ فتوے لگا دئیے

جس نے بھی احترام میں سر کو جُھکا دیا

دُکھ یہ نہیں اُٹھایا گیا ہے نشست سے

نا اہل ایک میری جگہ پر بٹھا دیا


فوزیہ شیخ

No comments:

Post a Comment