عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
وہ لا ریب عکسِ جمالِ خدا ہیں
وہ شمعِ سرِ بزمِ صُبحِ ہدٰا ہیں
زمانوں کے رہبر ہیں، وہ پیشوا ہیں
وہ ختم الرسلؐ ہیں، شہِؐ دو سرا ہیں
وہ ٹھہرے ازل کے ابد کے مسیحا
شفیع اُلاممؐ ہیں، وہ مشکل کُشا ہیں
ملے گا نہ ہمسر، نہ ثانی کہیں پر
وہ مقصودِ جاں ہیں، مِرا مدعا ہیں
عقیدت سے بڑھ کر محبت ہے اُن کو
محب آپ کے با صفا، با وفا ہیں
محبوں پہ اُن کے، خدا کا کرم ہے
عطائیں ہیں جتنی یقیناً بجا ہیں
اترتے ہیں قرطاسِ دل پر جو اکثر
وہ الہام بے شک بڑے بے بہا ہیں
انہی کے دلوں میں ہے آقاؐ کی الفت
بہت نرم خو ہیں، جو درد آشنا ہیں
نبیؐ کے درِ ناز پر جا کے مانگو
ہمارا سہارا، وہی آسرا ہیں
بزرگی، مراتِب شہِؐ انبیاء کے
مِری فہم و عقل و خرد سے ورا ہیں
کہو اُن سے حالِ دلِ زار زینب
غموں کا مداوا مِرے مصطفیٰؐ ہیں
سیدہ زینب سروری قادری
No comments:
Post a Comment