امید
کہیں پر سُرمئی شاموں میں
دُھندلے منظروں اور
خواب چہروں کو
وہی ہے جو بصارت کی حدوں میں قید کرتا ہے
وہی ہے جو نگارِ صبح کی
ٹُوٹی ہوئی امید کو
انجم نما ساعت سے ہم آغوش کرتا ہے
مِرے بُجھتے دِیے کی لو سے
جگنو اور ستارے
وہ نئے تخلیق کرتا ہے
اسی کی رحمتیں ریگِ رواں پر
سائباں بن کر مِری تپتی مسافت میں
عجب اک شبنمی احساس دیتی ہیں
اسی کی یاد ہے جو اک صدا بنکر
مرے کوہِ ندا پر گونجتی ہے
اور بلندی خیمۂ افلاک جیسی
حوصلوں کو بخش دیتی ہے
اسی کے نام سے
خوابوں کی ساری کرچیاں جڑ کر یقیں کی
اک نئی دیوار کی صورت میں ڈھلتی ہیں
ہوا شوریدہ سر ہو ساحلوں پر
سر پٹختی تند موجیں ہوں
اسے آواز دیتا ہوں تو
بوسیدہ سا میرا بادباں پھر سے
ہوا کے رُخ پہ کُھلتا ہے
سفر آغاز کرنے کا مجھے پیغام ملتا ہے
اسی کا نام تو اذنِ سفر کا استعارہ ہے
ہر اک مد و جزر میں
ہر بھنور میں وہ کنارہ ہے
مِری گمراہیوں کے درمیاں
دل کے اندھیروں میں
اسی کی چاہتوں کی
دِھیمی دِھیمی آگ جلتی ہے
کہیں پر آگ کے پہلو میں
میرا مضمحل ایمان رہتا ہے
مِری مٹھی میں باقی
لمحۂ امکان رہتا ہے
افتخار برنی
No comments:
Post a Comment