حیرت کا اِمکان بناتا رہتا ہوں
کچھ منظر وِیران بناتا رہتا ہوں
کوئی تو ان میں پُھول سجانے آئے گا
سارا دن گُلدان بناتا رہتا ہوں
پتھر جیسے خواب سجاؤں آنکھوں میں
مٹی کے ارمان بناتا رہتا ہوں
اک ادنیٰ سا شاعر ہوں میں لاکھوں میں
اپنی اک پہچان بناتا رہتا ہوں
بن جاتی ہے جب اس کی تصویر تو پھر
ہونٹوں پر مُسکان بناتا رہتا ہوں
گاؤں کی جب جب یاد ستاتی ہے افضل
کھیت، شجر، دہقان بناتا رہتا ہوں
افضل ہزاروی
No comments:
Post a Comment