Saturday 3 February 2024

دوستوں سے تو کنارا بھی نہیں کر سکتا

 دوستوں سے تو کنارا بھی نہیں کر سکتا

ان کا ہر ظُلم گوارا بھی نہیں کر سکتا

میرا دُشمن مِرے اپنوں میں چُھپا بیٹھا ہے

اس کی جانب میں اشارا بھی نہیں کر سکتا

شب میں نکلے گا نہیں اس پہ مسلط ہے نظام

دن میں سُورج کا نظارا بھی نہیں کر سکتا

عیش و عشرت کا طلبگار نہیں ہوں پھر بھی

تنگ دستی میں گُزارا بھی نہیں کر سکتا

شوق ایسا کہ مچلتا ہے محبت کے لیے

جُرم ایسا کہ دوبارا بھی نہیں کر سکتا

غم ہے بیتاب کہ آنکھوں سے نکل جائے مگر

دل کی دولت کا خسارا بھی نہیں کر سکتا


ہدایت اللہ شمسی

No comments:

Post a Comment