عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
حرف اُترے جو ثنا خوانی کے عُنوان ہوئے
عاقبت اپنی سنورنے کے بھی سامان ہوئے
تھا نہیں حرف سجانے کا سلیقہ مجھ کو
اک گُنہ گار پہ اللہ کے احسان ہوئے
میری اس نوکِ قلم پر ہیں ستارے رقصاں
لوگ جو محوِ تماشا تھا وہ حیران ہوئے
وہ جو کانٹوں کو بچھانے کا ہُنر رکھتے تھے
اپنے اس فن پہ وہ اک روز پشیمان ہوئے
بڑھ گئی عرشِ معلٰی کی فضیلت اس دم
وجہِ تخلیقِ جہاںﷺ آ کے جو مہمان ہوئے
کیسے رکھ پائیں گے اس مدح سرائی کا بھرم
بس یہی سوچ کے دن رات پریشان ہوئے
حرف تسلیم و رضا کو جو سمجھ پائے امین
مرحلے کرب کے آئے بھی تو آسان ہوئے
امین اوڈیرائی
No comments:
Post a Comment