Wednesday 27 March 2024

اب اپنی پہچان بنا کر چھوڑوں گا

 اب اپنی پہچان بنا کر چھوڑوں گا

میں خود کو انسان بنا کر چھوڑوں گا

اب کہ زور نہیں چلنے دینا اِس کا

عشق کو میں دربان بنا کر چھوڑوں گا

زہر کشید کروں گا تھوڑی سی تم سے

اور پھر اک حیوان بنا کر چھوڑوں گا

تھوڑی سی مٹی لے کر، ہم دونوں کی

ایک ہی جسم اور جان بنا کر چھوڑوں گا

قید تو میں آنکھوں سے بھی کر سکتا ہوں

پھر بھی اک زِندان بنا کر چھوڑوں گا

اپنی آگ میں پھینکوں گا سب خواب تِرے

اب خود میں شمشان بنا کر چھوڑوں گا

تم بِن خود کو اتنا بنجر کر لوں گا

دشت کو بھی حیران بنا کر چھوڑوں گا 

لکڑہارے! تیری موت تو پکّی ہے

جب میں تِیر کمان بنا کر چھوڑوں گا

جنگل کے حالات پتہ کروانے ہیں

اک پنچھی سلمان بنا کر چھوڑوں گا

شعر دوا بن کر ہر مرض کو ٹالیں گے

مین خود کو لقمان بنا کر چھوڑوں گا

نام خدا کا لے کر، ہمت کر کے میں

ہر مشکل آسان بنا کر چھوڑوں گا


سلمان بشیر

No comments:

Post a Comment