عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
مدینہ جن کا مسکن ہے مکینِ لا مکاں ہیں وہ
خدا ہے رازداں اُن کا خدا کے رازداں ہیں وہ
اُنہیں کے نور سے پر نور دو عالم کی بستی ہے
ظہورِ عشق ہیں وہ زینتِ حسنِ جہاں ہیں وہ
خدا نے خود ہے فرمایا میری ساری خدائی پر
ازل سے مہرباں ٹھہرے ابد تک مہرباں ہیں وہ
خرد بیکار ہے اُنﷺ کی حقیقت کو سمجھنے سے
کہ بحرِ بے کراں ہیں وہ نشانِ بے نشاں ہیں وہ
وہﷺ لا محدود ہیں قید تعین میں نہیں رہتے
بھلا قدسی بھی کیا سمجھیں کہ کیا ہیں وہ کہاں ہیں وہ
پتے کی بات کہتا ہوں سمجھ لو یہ پتہ اُنﷺ کا
جہاں پر جلوہ گر ہیں وہ وہاں حق کی زباں ہیں وہ
امیرِ صابری چشمِ بصیرت سے جو دیکھا تو
یہاں ہیں وہ وہاں ہیں وہ عیاں ہیں وہ نہاں ہیں وہ
امیر بخش صابری
No comments:
Post a Comment