Thursday, 8 December 2016

دل میں احساس تمنا گم ہے

دل میں احساسِ تمنا گم ہے
ریت ہی ریت ہے دریا گم ہے
دل ہے اس ایک مسافر کی طرح
جو بھرے شہر میں تنہا گم ہے
پہلے صحرا میں تھے گم دیوانے
ہم جو آئے ہیں تو صحرا گم ہے
آرزو بھی ہے عجب ایک طلسم
جس طرف جائیے رستا گم ہے
میری آواز میں تُو ہے تنہا
تیری آواز میں دنیا گم ہے
لوگ شاعؔر کا پتہ پوچھتے ہیں
کس سے کہیے کہ وہ کب کا گم ہے

شاعر لکھنوی

No comments:

Post a Comment