Saturday, 8 August 2020

جب تلک کوئی ٹھکانہ نہیں ہونے والا

جب تلک کوئی ٹھکانہ نہیں ہونے والا
شہرِ دل سے میں روانہ نہیں ہونے والا
میں نے اک آنکھ لگا رکھی ہے ہر تیر کے ساتھ
اب خطا میرا نشانہ نہیں ہونے والا
آخری سانس کے کٹتے ہی ملیں گے تجھ سے
اب کوئی اور بہانہ نہیں ہونے والا
آسمانی قد و قامت میں بھی ڈھل کر شاید
تو مِرے شانہ بشانہ نہیں ہونے والا
پاؤں کے نیچے کوئی سانپ تو ہو سکتا ہے
پاؤں کے نیچے خزانہ نہیں ہونے والا
میں تو پتھر ہوں مجھے رہنا ہے پتھر اے دوست
میں تِرا آئینہ خانہ نہیں ہونے والا
ہاتھ کاٹے یا مِری کاٹ دے شہ رگ عاطف
آنکھ سے اشک روانہ نہیں ہونے والا

عاطف کمال رانا

No comments:

Post a Comment