Friday 25 September 2020

کہیں بھی سایہ نہیں کس طرف چلے کوئی

 کہیں بھی سایہ نہیں کس طرف چلے کوئی

درخت کاٹ گیا ہے ہرے بھرے کوئی

عجیب رُت ہے زباں ذائقے سے ہے محروم

تمام شہر ہی چپ ہو تو کیا کرے کوئی

ہمارے شہر میں ہے وہ گریز کا عالم

چراغ بھی نہ جلائے چراغ سے کوئی

یہ زندگی ہے سفر منجمد سمندر کا

وہیں پہ شق ہو زمیں جس جگہ رکے کوئی

پلٹ کر آ نہیں سکتے گئے ہوئے لمحے

تمام عمر بھی اب جاگتا رہے کوئی

مثال عکس مقید حصار ذات میں ہوں

وہ موج ہوں جسے رستہ نہ مل سکے کوئی

پھر اس کے بعد بکھر جاؤں ریت کی صورت

بس ایک بار مجھے ٹوٹ کر ملے کوئی

حضور حسن یہ دل کاسۂ گدائی ہے

ہوں وہ فقیر جسے بھیک بھی نہ دے کوئی

سوال اس نے بھی کوئی نہیں کیا شہزاد

جواب بن نہ پڑے جس کے سامنے کوئی


شہزاد احمد

No comments:

Post a Comment