صرف اوروں کے بتا دینے سے کب آتا ہے
پاؤں زخمی ہوں تو پھر چلنے کا ڈھب آتا ہے
روشنی بند نگاہی پہ کہاں کھلتی ہے؟
دیکھنا، دیکھتے رہنے کے سبب آتا ہے
ایسی بے فیض مسافت ہے کہ ان رستوں میں
کوئی منزل تو کجا موڑ بھی کب آتا ہے
اتنی آسانی سے کب آتا ہے یہ رنگِ شفق
جاں سے خورشید گزر جاتا ہے تب آتا ہے
نیند بس رات کے اوقات سے مشروط نہیں
آنکھ جب چاہتی ہے عرصۂ شب آتا ہے
تیرے جانے پہ ہی کرتا ہوں میں تیرا ماتم
کام یہ مجھ کو ترے سامنے کب آتا ہے
ظہیر مشتاق
No comments:
Post a Comment