Friday, 23 April 2021

اپنے کاندھے پہ جو ہر بوجھ اٹھا سکتا ہے

 اپنے کاندھے پہ جو ہر بوجھ اُٹھا سکتا ہے

وہ زمیں زاد فلک اپنا بنا سکتا ہے

تیری قُربت میں یہ پردیس سے آیا ہوا شخص

چھوڑ کر تجھ کو کہیں اور بھی جا سکتا ہے

جس کی قسمت میں ہو ساحل پہ پہنچنا اس کو

ایک تنکے کا سہارا بھی بچا سکتا ہے

میں درختوں پہ کوئی نام نہیں لکھ سکتا

جو ہوا کی طرح آیا ہے، وہ جا سکتا ہے

میں کھلونے کی طرح دیکھ رہا ہوں مقبول

توڑنے والا مجھے کتنا بنا سکتا ہے


مقبول حسین سید

No comments:

Post a Comment