دور تک پھیلی ہوئی ہے تیرگی باتیں کرو
ڈس نہ لے ہم کو کہیں یہ خامشی باتیں کرو
آؤ پلکوں سے چُنیں بکھرے ہوئے لمحات کو
نیند آ جائے نہ جب تک خواب کی باتیں کرو
بس یہی لمحے غنیمت ہیں کہ ہم تم ساتھ ہیں
کون جانے مل بھی پائیں پھر کبھی باتیں کرو
صرف اک کربِ مسلسل ہی ننہیں ہے زندگی
مختصر وقفے کی صورت ہے خوشی باتیں کرو
روح کے ناسور تو رِستے رہیں گے عمر بھر
درد میں آ جائے شاید کچھ کمی نباتیں کرو
کون جانے کل کا سورج دیکھ بھی پائیں گے ہم
جب تلک ہے رات باقی بس یوں ہی باتیں کرو
اس قدر خاموش رہنا بھی نہیں اچھا روش
چھا نہ جائے ذہن پر افسردگی باتیں کرو
شمیم روش
No comments:
Post a Comment