Friday, 9 July 2021

اینٹ دیوار سے جب کوئی کھسک جاتی ہے

 اینٹ دیوار سے جب کوئی کھسک جاتی ہے

دھوپ کچھ اور میرے سر پہ چمک جاتی ہے

کتنے دروازے مجھے بند نظر آتے ہیں

آنکھ جب اٹھ کے سرِ بامِ فلک جاتی ہے

مجھ سے اس بات پہ ناراض ہیں اربابِ خِرد

بات آئی ہوئی ہونٹوں پہ اٹک جاتی ہے

مطمئن ہو کے کبھی سانس نہ لیں اہلِ چمن

آگ سینوں میں ہوا پا کے بھڑک جاتی ہے

جانے کیا بات ہے اب راہِ وفا میں اکثر

زندگی اپنے ہی سائے سے ٹھٹک جاتی ہے

اک ہمیں آبلہ پائی سے گِلہ مند نہیں

دوستو! گردشِ حالات بھی تھک جاتی ہے

اب اندھیرا کبھی رستے میں نہیں آئے گا

اب نظر حدِ نظر سے پرے تک جاتی ہے

میرے ہاتھوں میں وہ ساغر ہے چھلکنے والا

تا بہ دیوارِ حرم جس کی کھنک جاتی ہے

آج اس پیکرِ رنگیں سے مِلا ہوں پرواز

جس کے دامن سے فضا ساری مہک جاتی ہے


الطاف پرواز

No comments:

Post a Comment