Saturday, 10 July 2021

مسرت کو مسرت غم کو جو بس غم سمجھتے ہیں

 مسرت کو مسرت غم کو جو بس غم سمجھتے ہیں

وہ ناداں زندگی کا راز اکثر کم سمجھتے ہیں

حقیقت میں وہی رازِ حقیقت سے ہیں ناواقف

جنہیں دعویٰ ہے یہ رازِ حقیقت ہم سمجھتے ہیں

نہیں حاجت ہمیں اے چارہ سازو چارہ سازی کی

ہم اپنے درد ہی کو درد کا مرہم سمجھتے ہیں

ہماری سادہ لوحی اس سے بڑھ کر اور کیا ہو گی

کہ ہم نا آشنا کو آشنائے غم سمجھتے ہیں

یہ کیسا راز ہے ان کے ہمارے درمیاں یا رب

نہ جس کو وہ سمجھتے ہیں نہ جس کو ہم سمجھتے ہیں

میں ان کے رنج کے قرباں میں ان کے درد کے صدقے

جو ہر انسان کے غم کو خود اپنا غم سمجھتے ہیں

سمجھتے ہیں جلیس اب آپ تو عالم کو بے گانہ

مگر ہم آپ کو بے گانۂ عالم سمجھتے ہیں


برہما نند جلیس

No comments:

Post a Comment