Thursday, 21 October 2021

ہر گهڑی دهیان بنا لوں تمہیں کیا کہتے ہو

 ہر گهڑی دهیان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو

اپنا وجدان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو

اپنی آنکھوں میں بسا لوں تمہیں سپنا کر کے

دل کا ارمان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو

کوئی میدان ہو، میں تم سے ہی جانی جاؤں

اپنی پہچان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو

اپنے اطراف میں رکھوں تمہیں سائے کی طرح

اتنا آسان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو 

جان و دل روز ہی کہتی ہوں محبت میں تمہیں

اپنا ایمان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو 

اب تو ہر خواب محل تم سے ہی وابستہ ہے

دل کا سلطان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو

دل کی ہر بات لکھوں شعر کی صورت تم پر

کیوں نہ دیوان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو

ہر کہانی میں تمہارا مِرا کردار رہے

اپنا عنوان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو

تم سحر رنگ نظر آتے ہو پھولوں کی طرح

اپنی مسکان بنا لوں تمہیں، کیا کہتے ہو


نادیہ سحر

No comments:

Post a Comment