Friday, 1 October 2021

جب اشک سر چشم گنہگار کھلے گا

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


جب اشک سرِ چشمِ گنہگار کھلے گا

بخشش کو درِ سیدِ ابرارﷺ کھلے گا

قرآن کو مدحت کے تناظر میں تو پڑھیے

ہر لفظ میں گنجینۂ اسرار کھلے گا

اندھوں کو بھلا نور کی تفہیم ہو کیونکر

مٹی پہ کہاں عرش کا معیار کھلے گا

اک نعت بھی نکلے گی مِری فردِ عمل سے

محشر میں اگر کارِ سِیہ کار کھلے گا

قوسین سے او ادنیٰ پہ جا پہنچیں گے آقا

جبریل پہ جب عقدۂ رفتار کھلے گا

دربارِ رسالت ہے خطاکاروں کی خاطر

سو بار بھی آئیں گے تو سو بار کھلے گا

توحید کے نعرے سے تو کھل جائیں گے دشمن

پر نعرۂ سرکارﷺ سے غدار کھلے گا


علی صابر رضوی

No comments:

Post a Comment