Tuesday 20 December 2022

مجھے میری ناف سے نیچے دیکھنے والے

 مجھے میری ناف سے نیچے دیکھنے والے

میری ناف کے پہلو میں میری کوکھ بھی موجود ہے

جہاں تمہارے جیسی کئی کائناتوں کی 

تجسیم کی گنجائش رکھ دی گئی ہے

اور اس سے ذرا اوپر مِرا دل ہے

جہاں عمر بھر کی محبتوں کا اتنا زیادہ بہی کھاتا لکھا جاتا ہے

کہ اب یہاں عبادت گاہوں سے زیادہ تقدس گونجتا ہے

اور یہی کہیں قریب سے ہی تمہاری پہلی

غذا کی دھاریں نکلتی ہیں

اور اس دل سے اوپر میری زبان ہے جہاں

الف کے بے نقاط اور ب کے تمام نقاط

کے ذائقے دے دئیے گئے ہیں

اور اس دہن سے اوپر میری آنکھ ہے

جو چشم آہو کے علاوہ گمان و یقین کو 

اپنی روشنی کی لگام سے باندھنا جانتی ہے

اور ان آنکھوں سے اوپر ایک دماغ ہے

جس کے اعصابی

ریشوں کے درمیان شعور سے لاشعور تک

کے سارے توازن رکھے گئے ہیں

میں ایک ماں بھی ہوں جس نے تجھے چلنا اور بولنا سکھایا

ایک بیٹی بھی جس نے تیری خدمت کی

ایک بہن بھی جس نے تیرے بے جا ناز اٹھائے

اور ایک بیوی بھی جس نے تجھے جسمانی راحت پہنچائی

جس نے تیری نسل کو آگے بڑھایا 

موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا ہو کر 

بچوں کو پیدا کیا

وہی بچے جنہیں تُو مجھے گھر سے نکالتے وقت

چھین کر کہتا ہے کہ؛ میرے بچے ہیں

جس نے تیری غیر موجودگی میں 

تیرے گھر اور بچوں کی حفاظت کی

جس نے اپنے ماں باپ کے گھر جانے کے لیے بھی 

تیری اجازت کو مقدم رکھا

مجھے میری ناف سے نیچے دیکھنے والے

شاید اسی لیے میرے قدموں کے نیچے جنت رکھ دی گئی ہے


ثروت زہرا

No comments:

Post a Comment