Wednesday, 21 December 2022

دور کرنے کو تری زلف کا خم اتریں گے

 دور کرنے کو تِری زلف کا خم اتریں گے 

آسمانوں کے ستارے کوئی دم اتریں گے

حوصلہ اور ذرا حوصلہ اے سنگ بدست 

وقت آئے گا تو خود شاخ سے ہم اتریں گے

ایک امید پہ تعمیر کیا ہے گھر کو 

اس کے آنگن میں کبھی تیرے قدم اتریں گے

ہمیں لکھنا ہے زمیں والوں کے غم کا نوحہ 

آسمانوں سے کسی روز قلم اتریں گے

اتنی آہیں نہ بھرو اشک نہ سارے بہہ جائیں 

طبع نازک پہ ابھی اور بھی غم اتریں گے

جیسے ہم آنکھ ملا کر تِرے دل میں آئے 

لوگ اس زینۂ دشوار سے کم اتریں گے

شاد و شاداب اسی وقت رہوں گا یاسر

سر قرطاس جب اشعار کے یم اتریں گے


علی یاسر

No comments:

Post a Comment