خواب سے ہوتا ہے پھر پار مِری زلف کا خم
اس کو یوں رکھتا ہے بیدار مری زلف کا خم
مضطرب کرنے کو پر تول رہی ہے مری آنکھ
دل میں کُھبنے کو ہے تیار مری زلف کا خم
ایک بادل ہے مِرے سر پہ ضیا باری کا
اور اک نشے سے سرشار مری زلف کا خم
اسی سائے میں ہی گزرے گی تِری عمرِ رواں
ہے تمہارے لیے گھر بار مری زلف کا خم
بھید کیا کیا نہ کھلے تم پہ یہاں آ آ کر
کیا ہے اک خانۂ اسرار مری زلف کا خم
وہ تو جل جاتا ہے اس آتشِ محشر میں جیا
آگ ہے اور اک انگار مری زلف کا خم
جیا قریشی
No comments:
Post a Comment