Friday 16 December 2022

وہ ابر جو مے خوار کی تربت پہ نہ برسے

وہ ابر جو مے خوار کی تربت پہ نہ برسے

 کہہ دو کہ خدارا کبھی گزرے نہ ادھر سے

اتنا تو ہوا آہِ شبِ غم کے اثر سے

فطرت کا جگر پھوٹ بہا چشمِ سحر سے

امید نے بھی یاس کے مردوں کو پکارا

آئی کوئی آواز نہ دل سے نہ جگر سے

ناصح کو بلاؤ، مِرا ایمان سنبھالے

پھر دیکھ لیا اس نے اسی ایک نظر سے

خورشید قیامت کی ادا دیکھ رہا ہوں

ملتی ہوئی صورت ہے مِرے داغِ جگر سے

ایک ایک قدم پر ہے جہاں خندۂ تقدیر

تدبیر گزرتی ہے اسی راہ گزر سے

اے خندۂ گلشن یہ ہے انجامِ شبِ عیش

گل روتے ہیں نہ منہ ڈھانپ کے دامانِ سحر سے

کچھ شان کریمی نے اس انداز سے تولا

بھاری ہی رہا دیدۂ تر دامنِ تر سے

خطرے میں ہیں کچھ دن سے حفیظ اہلِ دو عالم

ہر شب میرے نالوں کی لڑائی ہے اثر سے


حفیظ جالندھری

No comments:

Post a Comment