Thursday, 15 December 2022

صرف باتوں سے بہل جانے کا قائل تو نہیں

 صرف باتوں سے بہل جانے کا قائل تو نہیں

دل مِرا سادہ ہے احساس سے غافل تو نہیں

وار کرتا ہے نظر سے یہی قاتل تو نہیں

چوٹ کھا کر جو تڑپتا ہے مِرا دل تو نہیں

شور و غل بڑھتا ہی جاتا ہے مِرے کانوں میں

دل میں جو ہے وہی طوفاں لب ساحل تو نہیں

قافلے والوں نے بستر جہاں اپنے کھولے

سچ تو یہ ہے وہ مِرے نام کی منزل تو نہیں

سامنا ہو تو پتہ بھی چلے پھر کون ہے کیا

میں نے مانا کہ کوئی مِرے مقابل تو نہیں

محفلیں اور بھی ہیں حسن و ادا کی، لیکن

تیری محفل کی طرح اب کوئی محفل تو نہیں

ہم تو تیار ہیں اک حشر اٹھانے کے لیے

آپ خود ہی کسی طوفان سے غافل تو نہیں

دور ہی سے نظر آ جاتا ہے جامی تیرا

بھیڑ میں رہ کے بھی وہ بھیڑ میں شامل تو نہیں


عبدالرحمٰن جامی

No comments:

Post a Comment