Thursday 15 December 2022

ہر ایک چوک محلہ ہر اک گلی ہے مری

 ہر ایک چوک محلہ ہر اک گلی ہے مِری

کسے بتاؤں کہ اس شہر میں کوئی ہے مری

میں پہلے ہجر کے ہاتھوں ہی ہو گیا ہوں نڈھال

سو اولین محبت ہی آخری ہے مری

وجود سبزگی کی سمت آئے کیسے مِرا

کہ خاک بانجھ ہے بنجر ہے بھربھری ہے مری

میں باقی اشک بہاؤں گا بارگاہِ حضورؐ

نجف سے صبح مدینہ روانگی ہے مری

یہ بات مجھ کو بڑا سوگوار کر رہی ہے

تِرے بغیر جو اچھی گزر رہی ہے مری

رکھا گیا ہے مجھے منظروں سے اتنا دور

کہ مانتا نہیں میں کوئی آنکھ بھی ہے مری

تمہارے ہجر نے بھی کیا مِرا بگاڑ لیا

وہی ہوں میں ابھی تک شکل بھی وہی ہے مری

نئی غزل مِری ان کے لیے بطورِ خاص

جنہیں یقین ہے آواز مر چکی ہے مری

میں کوئٹہ کی طرف جاتے ڈر رہا ہوں فقیہہ

وہ اس لیے کہ، ہزارہ برادری، ہے مری


فقیہہ حیدر

No comments:

Post a Comment